نئی دہلی،2؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) یوکرین سے براہ بخارسٹ (رومانیہ) 218 ہندوستانی شہریوں کے ساتھ ایک اور خصوصی پرواز نے چہارشنبہ کی صبح دہلی ایرپورٹ میں لینڈنگ کی۔ آپریشن گنگا کے تحت یہ 9 ویں پرواز ہے۔ مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایرپورٹ پر ہندوستانی شہریوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 220 ہندوستانی طلبا کی براہ استنبول واپسی ہوئی ہے۔
اسی دوران ہندوستانی فضائیہ کے 2 طیاروں نے آج صبح ہنڈن ایربیس سے رومانیہ اور ہنگری کے لئے اُڑان بھری۔ اندازہ کے مطابق 18ہزار طلبا جنگ زدہ یوکرین میں پھنسے ہوئے ہیں۔ معتمد خارجہ ہرش وردھن شرنگلا نے منگل کے دن کہا تھا کہ 12 ہزار ہندوستانیوں کو واپس لایا جاچکا ہے۔